سرسی 22 / دسمبر (ایس او نیوز) جسمانی طور پر معذور 3 ماہ کے ایک بچے کا علاج کروانے کی سکت نہ ہونے کی وجہ سے اس کے والدین 'بال مندر' کے پاس چھوڑ کر چلے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔
'بال مندر' (یعنی بچوں کا گھر )کے سپروائزر نے بتایا کہ چھوٹے بچے کے رونے کی آواز سنائی دینے پر جب اس نے باہر جا کر دیکھا تو بے بی بیڈ میں ایک تین ماہ کا بچہ بحفاظت رکھا ہوا تھا اور اس کے قریب والدین کی طرف سے لکھا گیا ایک معذرت نامہ موجود تھا جس میں کہا گیا ہے کہ بچہ پیدائشی طور پر معذور ہے ۔ ہم نے اس کا علاج کروایا مگر اپنی غربت کی وجہ سے اس کے مستقل علاج کرنے کی سکت ہمارے اندر نہیں ہے ۔ اس لئے ہم اس بچے کو سرکاری تحویل میں چھوڑ رہے ہیں ۔ اس چٹھی میں بچے کی تاریخ پیدائش بھی درج ہے ۔
'بال مندر' کے سپروائزر نے یہ معاملہ پولیس اور محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کے ذمہ داروں کے علم میں لایا ۔ مارکیٹ پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی سبھاش نائک، لیڈی ہیڈ کانسٹیبل ودیا نائک ، چائلڈ کیئر کمیٹی کی صدر انیتا پروتیکر نے بال مندر پہنچ کر بچے کو تحویل میں لیا اور علاج کے لئے اسپتال میں داخل کروایا ۔
اس ضمن میں مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔